Saturday, 26 April 2014

جہان مسلم

جہان مسلم 
عبد الصبور عبد النور ندوی
پاکستان: روز گار کے بہانے مسلمانوں کو مرتد بنانے کی مہم
صوبۂ پنجاب میں قادیانیوں کا نیا مرکز شہر بھیرہ ملک بھرمیں بیروزگاروں کو اپنی طرف متوجہ کر رہا ہے، متعدد شہروں میں بکھرے قادیانیوں کے ایجنٹ غریب خاندانوں کو اپنے نرغے میں لے رہے ہیں، بھیرہ شہر بھیج کر ان کا مالی تعاون کیا جاتا ہے اور قادیانیت کا پیرو بن کر زندگی گزارنے کی تلقین کی جاتی ہے، بھیرہ وہ شہر ہے جہاں ملعون غلام احمد قادیانی کا خلیفہ حکیم نورالدین کا مسکن ہے، اور یہاں مالدار قادیانیوں کی برابر آمد و رفت ہوتی رہتی ہے۔ مقامی علماء نے ثبوتوں کے ساتھ حکومت کو اس ارتداد سے آگاہ کیا ہے، لیکن فوری طور پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔ 
برازیل: لاطینی امریکا میں ڈائیلاگ سینٹر کے قیام کی تجویز
گزشتہ دنوں برازیل کے شہر ساؤ پالو میں اسلامک دعوتی سینٹر نے اپنا ۲۷ واں عالمی اسلامی کانفرنس بعنوان:’ مسلم اقلیات میں ڈائیلاگ کی اساس ‘منعقد کیا، جس میں ڈائیلاگ سینٹر کے قیام کی تجویز پر اتفاق ہوا، دنیا بھر کے مشارکین نے زور دیا کہ سینٹر کا قیام اسلام کے محاسن کی نشر و اشاعت میں مؤثر کردار ادا کرے گا۔لیکن اس کے قیام سے پہلے اس میں کام کرنے والے افراد کی تربیت ضروری ہے، جو ڈائیلاگ کے مفہوم اور اسکے تقاضوں و اقدار کو سمجھ سکیں، کانفرنس میں نسل نو کی اسلامی تربیت اور نبی اکرم ﷺ کے غیر مسلموں سے مذاکرات واصول مناظرہ پر متعدد زبانوں میں کتابوں کی تالیف پر بھی زور دیا گیا۔
فلسطین: تاریخی شہر عکا کو یہودیانے کا پلان، اسرائیلی سازش بے نقاب
فلسطینی ذرائع ابلاغ نے شہر عکا کو یہودیانے کی سازش کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا: ۱۹۴۸ء میں اسرائیل کے ذریعے قبضہ کیا گیا یہ شہر عرب آبادی پر مشتمل ہے ۔ اور آج بھی قدیم اسلامی وراثت کا آئینہ دار ہے، گزشتہ دنوں یہودیوں نے پلان کے مطا بق بھاری رقم دے کر کئی گھروں کو خرید لیا اور اس میں دہشت گرد یہودیوں کو آباد کرایا، عرب تنظیموں نے عکا کے مسلمانوں کو خبردار کیا ہے کہ یہودی جتنی بھی لالچ دیں، پیشکش کریں، اپنی زمین اور گھر سے دستبردار نہ ہوں، اسے ظالموں کے ہاتھ فروخت نہ کریں۔
نیپال: کرائے کی کوکھ کی تولید کا نیا مرکز،بھارت کی مسلم خواتین یہودی نطفوں کی پرورش میں مبتلا 
بھارت میں کرائے کی کوکھ کی تولید پر پابندی کے خدشہ کے چلتے اور سماجی عار نہ جھیل پانے والی غریب خواتین اب نیپال کا رخ کر رہی ہیں، یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب کاٹھمانڈو میں گزشتہ دنوں جنم درتا کے لئے درجنوں مسلم خواتین موجود تھیں، اسرائیل کے درجنوں جوڑوں نے ممبئی کے غریب خواتین کی کوکھ کرائے پر لے کر بچوں کو جنم دلوایا، چونکہ نیپال میں ابھی اس حوالے سے کوئی قانون اور ضابطہ نہیں ہے اس لئے یہاں کی زمین کرائے کی کوکھ کی تو لید کے لئے ہموار نظر آتی ہے۔ مسلم تنظیموں اور جماعتوں کو اس جانب بیداری مہم اور اس قبیح فتنے میں مبتلا ہونے سے بچانے کے لئے تحریک کی ضرورت ہے۔
وسطی افریقہ میں عیسائی دہشت گردوں نے مسجد پر دھاوا بول کر ۲۳ مسلمانوں کو شہید کردیا 
ملک وسطی افریقہ کی راجدھانی بانگے میں واقع جامع مسجد نور الاسلام میں ۲۳مسلمان خواتین ، بچوں، بزرگوں اور جوانوں کو نماز کے دوران بالکا کے عیسائی دہشت گردوں نے بے دردی کے ساتھ گولیوں سے بھون دیا، بعد ازاں علاقے کا محاصرہ کر لیا اور لاشوں کو دفنانے کے لئے باہر لے جانے کی اجازت نہیں دی، نتیجتا امام مسجد نے مسجد کے صحن میں دفنانے کا فیصلہ کیا۔ یہ اندوہناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسلمانوں کے سیاسی گروپ نے بد عنوان عیسائی صدر کو بر طرف کردیا۔ واضح ہو وہاں ۱۵ فیصد مسلمان آباد ہیں۔ **

No comments: